انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی بیٹر سلمان علی آغا کے خلاف ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی پر باضابطہ تنبیہ جاری کرتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب بنگلادیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے دوران 39 ویں اوور میں رن آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے اپنا ہیلمٹ اور گلوز زمین پر پھینک دیے تھے۔
آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کے تحت میچ کے دوران کرکٹ سامان یا گراؤنڈ کے آلات کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنا خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے۔ اسی بنیاد پر آن فیلڈ امپائرز، تھرڈ امپائر اور فورتھ امپائر نے پاکستانی بیٹر کے خلاف شکایت درج کی۔
سلمان علی آغا نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے دی گئی سزا قبول کر لی، جس کے بعد آئی سی سی کو اس معاملے میں مزید سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ اس خلاف ورزی کے بعد ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کر دیا گیا ہے، جو گزشتہ 24 ماہ کے دوران ان کی پہلی خلاف ورزی ہے۔
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق لیول 1 کی خلاف ورزی پر کم از کم سزا باضابطہ تنبیہ ہوتی ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ سزا میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس ہوسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ اسی میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 128 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا فیصلہ کن میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔




