سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تحت پاک فوج نے افغان طالبان کے خلاف مؤثر فضائی کارروائی کرتے ہوئے قندھار میں موجود ٹیکنیکل سپورٹ انفرااسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاک افواج نے 14 اور 15 مارچ کی درمیانی شب کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگرد ٹھکانوں سمیت مختلف فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں قندھار میں قائم ٹیکنیکل سپورٹ انفرااسٹرکچر اور ایکوپمنٹ اسٹوریج کو مؤثر انداز میں تباہ کیا گیا، جو افغان طالبان اور دہشتگرد عناصر کی جانب سے استعمال کیا جا رہا تھا۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ان تنصیبات کو دہشتگردی کی کارروائیوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ آپریشن غضب للحق کے تحت دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اہداف کے مکمل حصول تک جاری رہیں گی۔ پاک افواج کا مؤقف ہے کہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور دہشتگردی کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔




