اپریل 18, 2026

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، دو دن میں 133 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دو روزہ بھرپور آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 133 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے 31 جنوری کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کی۔ دہشت گرد کارروائیاں کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، دالبندین، خاران، گوادر اور پسنی میں کی گئیں، جن میں خواتین، بچوں اور مزدوروں سمیت 18 معصوم شہری شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائیاں کرتے ہوئے حملوں کو ناکام بنایا اور 3 خودکش بمباروں سمیت 92 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جس کے بعد دو دنوں میں ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 133 ہو گئی۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے 15 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ حملے پاکستان سے باہر بیٹھے دہشت گرد سرغنوں کی ہدایات پر کیے گئے، جبکہ منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور معاونین کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔