اپریل 18, 2026

ایران، روس اور چین کا شمالی بحرِ ہند میں مشترکہ بحری مشقوں کا اعلان

ایران، روس اور چین نے شمالی بحرِ ہند میں مشترکہ بحری مشقیں کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایران کی نیم سرکاری تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق تینوں ممالک رواں ماہ یہ بحری مشقیں کریں گے، جنہیں "میری ٹائم سکیورٹی بیلٹ” کا نام دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان مشقوں میں ایران کی بحریہ، پاسدارانِ انقلاب کے گارڈز، روسی بحریہ اور چینی بحری افواج حصہ لیں گی۔ مشقوں کا مقصد کسی بھی ممکنہ حملے یا سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری کو یقینی بنانا اور تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ان مشترکہ بحری مشقوں کا باقاعدہ آغاز 2019 میں ایران کی بحریہ کی جانب سے کیا گیا تھا، اور اب تک یہ مشقیں سات مرتبہ منعقد کی جا چکی ہیں۔ یہ مشقیں ایک ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنا بحری بیڑہ تعینات کر رکھا ہے۔