سرائے عالمگیر (ڈاکٹر تصور حسین مرزا ) ڈی آئی جی ٹریفک وقاس نزیر کے احکامات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ڈی ایس پی ٹریفک خرم فیاض ستی نے فوکل پرسن عبدالغفور چوہان کے ہمراہ ایس ایل ایس کالج سرائے عالمگیر میں ٹریفک آگاہی لیکچر دیا۔
کالج پہنچنے پر پرنسپل سرفراز ملک نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ لیکچر کے دوران ڈی ایس پی خرم فیاض ستی نے طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین کی پابندی، ہیلمٹ کے لازمی استعمال اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے خطرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل کر کے نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جان بھی محفوظ بنائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ جو نوجوان اب تک ڈرائیونگ لائسنس حاصل نہیں کر سکے وہ فوری طور پر لائسنس بنوائیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ 16 سال کی عمر کے بچوں کے لیے سمارٹ کارڈ کے اجرا سے متعلق قانون جلد نافذ ہونے جا رہا ہے، جس کے بعد سولہ سالہ نوجوان اپنے سمارٹ کارڈ کی بنیاد پر لائسنس حاصل کر سکیں گے۔
تقریب کے آخر میں ٹریفک آگاہی سے متعلق پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے۔ ڈی ایس پی خرم فیاض ستی نے کہا کہ ٹریفک پولیس شہریوں میں قوانین کی پاسداری کا شعور اجاگر کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ حادثات اور قیمتی جانوں کے ضیاع میں کمی لائی جا سکے۔
پرنسپل سرفراز ملک اور کالج اسٹاف نے ڈی پی او طارق عزیز سندھو، ڈی ایس پی خرم فیاض ستی اور فوکل پرسن عبدالغفور چوہان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔





