جون 14, 2026

ڈپٹی کمشنر نورالعین کے خصوصی احکامات پر گجرات میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا کریک ڈاؤن؛ 7 فوڈ پوائنٹس پر بھاری جرمانہ، غیر معیاری اشیاء تلف

رپورٹ:قاری نصیر احمد کلیار

ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کے خصوصی احکامات اور پنجاب فوڈ اتھارٹی گجرات کی ڈپٹی ڈائریکٹر سعدیہ رفعت کی زیرِ نگرانی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع بھر میں ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف انسپکشنز کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ گزشتہ روز کی جانے والی کارروائیوں کے دوران ٹیموں نے مجموعی طور پر 51 غذائی مراکز اور دکانوں کی سخت چیکنگ کی۔ اس دوران فوڈ سیفٹی قوانین اور صفائی کے معیار کی خلاف ورزی کرنے پر 23 فوڈ پوائنٹس کو بہتری کے لیے باقاعدہ نوٹسز جاری کیے گئے، جبکہ حفظانِ صحت کے اصولوں کو پامال کرنے والے 7 فوڈ بزنسز کو موقع پر ہی مجموعی طور پر 1 لاکھ 36 ہزار روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

چھاپوں کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف دکانوں سے 3.4 کلو گرام زائد المیعاد (ایکسپائرڈ)، صحت کے لیے نقصان دہ، ممنوعہ اور انتہائی ناقص اشیائے خورونوش برآمد کر کے موقع پر ہی تلف کر دیں تاکہ شہریوں کو بیماریوں سے بچایا جا سکے اور ان تک صرف محفوظ و معیاری خوراک کی رسائی ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی سعدیہ رفعت نے واضح اور سخت الفاظ میں کہا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں مضرِ صحت اور ناقص اشیاء کی فروخت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف یہ تادیبی کارروائیاں بغیر کسی تعطل کے روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گی۔