نومبر 1, 2026

پاکستان کے لیجنڈ اعصام الحق کا ٹینس کو الوداع—شاندار کیریئر کا اختتام

پاکستان کے ممتاز ٹینس اسٹار اعصام الحق آخرکار ٹینس کورٹ کو الوداع کہہ گئے۔ اسلام آباد میں منعقدہ اے ٹی پی چیلنجر کپ کا مینز ڈبلز فائنل ان کے پروفیشنل کیریئر کا آخری میچ ثابت ہوا۔ فائنل میں اعصام الحق اور مزمل مرتضیٰ کی جوڑی کو حریف ٹیم کے ہاتھوں اسٹریٹ سیٹس میں شکست ہوئی، جس کے ساتھ ہی اعصام کا طویل اور یادگار ٹینس سفر اختتام کو پہنچا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے حریف ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مداحوں، اہلِ خانہ اور اُن تمام افراد کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اُن کے کیریئر کے دوران ساتھ دیا۔ بطور صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن وہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھرپور سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کرتے رہے۔ اُن کے بقول پاکستان میں اے ٹی پی ٹورنامنٹ کا انعقاد ملکی ٹینس کے لیے بڑی کامیابی ہے۔

چند روز قبل اعصام الحق نے پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔

اعصام الحق کے کیریئر کی نمایاں کامیابیاں


اعصام الحق نے اپنے کیریئر میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ 18 اے ٹی پی ورلڈ ٹور ٹائٹل جیتے، جب کہ 28 اے ٹی پی چیلنجر ٹائٹلز بھی ان کے نام رہے۔ ڈبلز کی سطح پر وہ 17 آئی ٹی ایف فیوچر ٹائٹلز جیت چکے ہیں جبکہ سنگلز میں انہوں نے 5 آئی ٹی ایف ٹائٹلز اور ایک اے ٹی پی چیلنجر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ڈیوس کپ میں بھی اعصام الحق پاکستان کے سب سے کامیاب ترین کھلاڑی رہے، جہاں انہوں نے سنگلز، ڈبلز اور مجموعی طور پر سب سے زیادہ فتوحات حاصل کیں۔ آخری میچ کے اختتام پر تماشائیوں اور ساتھی کھلاڑیوں نے کھڑے ہو کر اس عظیم کھلاڑی کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔