نومبر 1, 2026

روہت شرما نے ون ڈے میں سب سے زیادہ چھکوں کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

بھارتی اوپنر روہت شرما نے جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں 57 رنز کی پُراعتماد اننگز کھیلتے ہوئے تین دلکش چھکے لگائے، جس کے ساتھ ہی اُن کے ون ڈے چھکوں کی مجموعی تعداد 352 ہوگئی۔ اس سنگ میل کو عبور کرتے ہی انہوں نے سابق پاکستانی اسٹار شاہد آفریدی کا 351 چھکوں پر قائم دیرینہ عالمی ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔ آفریدی نے یہ ریکارڈ 369 اننگز میں قائم کیا تھا، جب کہ روہت شرما نے کم اننگز میں یہ کارنامہ انجام دے کر اپنی بڑی ہٹنگ کی صلاحیت ایک بار پھر منوا دی۔

ون ڈے کرکٹ میں چھکوں کے حوالے سے ویسٹ انڈیز کے کرس گیل 331 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ صرف ون ڈے ہی نہیں، بلکہ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کو ملا کر مجموعی چھکوں کی لسٹ میں بھی روہت شرما پہلی پوزیشن پر ہیں۔ 38 سالہ روہت اب تک بین الاقوامی کرکٹ میں 645 چھکے لگا چکے ہیں۔ اس فہرست میں کرس گیل 553 چھکوں کے ساتھ دوسرے جبکہ شاہد آفریدی 476 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔