وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے مگر آئی ایم ایف کی سخت شرائط کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو پارہا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان پروجیکٹ کے لانچ کے بعد ملک میں تباہی آئی، 2017 میں مہنگائی 3 فیصد تھی جو چار سال میں بڑھ کر 40 فیصد تک پہنچ گئی۔
مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام مکمل ہوتے ہی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی پوزیشن میں آجائے گی۔ ان کے مطابق حکومت کی اولین ترجیح ملک کی ترقی، معاشی استحکام اور عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ جن لوگوں نے ماضی میں ملک کو نقصان پہنچایا، ان کا حساب کتاب بعد میں بھی ہوسکتا ہے مگر اس وقت سب سے ضروری ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے۔
ہری پور ضمنی انتخاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامیابی پر خوشی بھی ہوئی اور حیرانی بھی، کیونکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا وہاں انتخابی مہم اور دھمکیوں میں مصروف تھے۔ انہوں نے کہا کہ گالم گلوچ، نفرت اور جھوٹے مقدمات جیسے اقدامات کا نتیجہ کبھی بہتر نہیں نکلتا۔





