نومبر 5, 2026

پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام ، تین خودکش حملہ آور ہلاک

پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر پر صبح 8 بج کر 10 منٹ پر دہشتگردوں نے خودکش حملہ کیا، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ حملے کے فوراً بعد سنہری مسجد روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا اور ٹریفک کو صدر روڈ کی جانب موڑ دیا گیا۔

آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق دو خودکش دھماکے صدر پشاور میں واقع ایف سی ہیڈکوارٹر کے اندر ہوئے، ایک دھماکا مرکزی گیٹ پر جبکہ دوسرا اندر واقع موٹرسائیکل اسٹینڈ پر ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو حملہ آور مارے گئے جبکہ ایک نے مرکزی گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے بتایا کہ تینوں خودکش حملہ آور مارے گئے ہیں اور فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں نے انتہائی بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے بڑے نقصان کو روک لیا۔

ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی جاوید اقبال نے تصدیق کی کہ حملے میں ایف سی کے 3 اہلکار شہید ہوئے جبکہ اسپتال ذرائع کے مطابق 5 افراد زخمی ہوئے، جن میں 2 ایف سی اہلکار اور 3 شہری شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ان کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق حملے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹرانس پشاور نے بی آر ٹی کی مرکزی راہداری پر بس سروس عارضی طور پر معطل کر دی، تاہم فیڈر روٹس پر سروس معمول کے مطابق بحال ہے۔