فلوریڈا؛ تین ون ڈے میچز کی سیریز کے ابتدائی معرکے میں پاکستان نے میزبان ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 49 اوورز میں 280 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اوپنر ایون لوئس 60 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹر رہے۔ ان کے علاوہ کپتان شائے ہوپ نے 55 اور روسٹن چیز نے 53 رنز جوڑے۔ آخر میں گڈاکیش موتی نے 31 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔ گرین شرٹس کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صائم ایوب، سفیان مقیم اور آغا سلمان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
281 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان کا آغاز بہتر نہ رہا، صائم ایوب صرف 5 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ عبداللہ شفیق (29) اور بابر اعظم (47) نے دوسری وکٹ پر شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا۔ کپتان محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 53 رنز اسکور کیے، جبکہ آغا سلمان 23 رنز بنا سکے۔ میچ کے آخری لمحات میں حسن نواز اور حسین طلعت نے شاندار پارٹنرشپ کے ساتھ ٹیم کو فتح دلائی۔ ڈیبیو کرنے والے حسن نواز نے ناقابلِ شکست 63 رنز بنائے، جبکہ حسین طلعت 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیمار جوزف نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سیلز، موتی اور روسٹن چیز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس جیت کے ساتھ پاکستان نے تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ دوسرا میچ اب سیریز کا فیصلہ کن رنگ اختیار کرے گا۔





