پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری کے بغیر 33 اننگز مکمل کر لی ہیں۔ برائن لارا کرکٹ اکیڈمی ٹروبا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ بابر اعظم کے کیریئر کا بطور کپتان 21 واں جبکہ مجموعی طور پر 63 واں ٹیسٹ میچ ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں دسویں نمبر پر موجود بابر اعظم اب تک 115 اننگز میں 9 سنچریاں بنا چکے ہیں، تاہم اپنی دسویں سنچری کے لیے ان کا طویل انتظار اب کافی صبر آزما بنتا جا رہا ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی آخری سنچری دسمبر 2022 میں کراچی کے مقام پر نیوزی لینڈ کے خلاف 161 رنز کی صورت میں کھیلنے والے بابر اعظم اس کے بعد سے مسلسل بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔ دسمبر 2022 سے لے کر اب تک 42 ماہ کے عرصے میں انہوں نے 33 ٹیسٹ اننگز کھیلی ہیں، جن میں ان کی بیٹنگ کا عدم استحکام اس بات سے عیاں ہے کہ وہ اس دوران صرف دو بار ایسی اننگز کھیل پائے جن میں انہوں نے 100 سے زائد گیندوں کا سامنا کیا۔ اس 33 اننگز کے دوران وہ 5 نصف سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 863 رنز ہی بنا سکے ہیں۔




