گجرات(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے بتایا کہ کڈنی سینٹر گجرات میں مریضوں کو جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، جہاں مستحق مریضوں کو مفت علاج میسر ہے۔ ستمبر 2024 کے دوران کڈنی سینٹر میں 2752 مریضوں کے ڈائیلسز کیے گئے جبکہ اکتوبر میں یہ تعداد بڑھ کر 3053 تک پہنچ گئی، روزانہ اوسطاً ڈائیلسز کی تعداد بھی 110 سے بڑھ کر 113 ہوگئی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اب تک کڈنی سینٹر میں مجموعی طور پر 185,692 ڈائیلسز کیے جا چکے ہیں۔ اکتوبر میں 2,167 ڈائیلسز مکمل مفت ہوئے، 723 ڈائیلسز جزوی ادائیگی پر جبکہ 163 مریضوں نے مکمل ادائیگی کی۔ اجلاس کے دوران مالیاتی تفصیلات بھی پیش کی گئیں، جن کے مطابق اکتوبر 2024 میں کڈنی سینٹر کے اخراجات 3 کروڑ 12 لاکھ روپے سے زائد رہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ عطیات دیں تاکہ اس فلاحی منصوبے کو جاری رکھا جا سکے۔ اجلاس کے موقع پر میاں محمد اعجاز،محمد یاسر یعقوب سیٹھی، جاوید بٹ، چوہدری محمد نواز ریخانیہ، چوہدری محمد اصغر،ڈاکٹر عباس گوندل،محمد اشرف بھٹہ، چوہدری قمر عباس، بابر ظہیر بھیا، اور عقیل اعجاز سمیت دیگر مخیر حضرات و ممبران موجودتھے۔





