گجرات جامعہ گجرات میں پاکستان کی 78ویں سالگرہ بھرپور قومی جذبہ اورروایتی جوش و خروش سے منائی گئی۔ جشن یوم آزادی کے موقع پر حافظ حیات کیمپس میں ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ اساتذہ وانتظامیہ نے اپنے خاندانوں سمیت پاکستان کی78ویں سالگرہ کی خوشیوں میں بھرپورشرکت کرتے ہوئے وطن عزیز سے اپنی لازوال محبت ویگانگت کا مظاہرہ کیا۔ جامعہ گجرات میں جشن یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز صبح نماز فجر کے وقت مرکزی جامع مسجد میں وطن کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دُعا کے ساتھ کیا گیا۔ بعد ازاں جامعہ گجرات کی قائدا عظم لائبریری کے سامنے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد مشاہد انورکی قیادت میں ایک شاندار و پُر وقار تقریب کا انعقاد ہوا جس میں اساتذہ، طلبہ،انتظا میہ کے اراکین اور اُن کے اہل خانہ نے بھرپورشرکت کی۔مختلف فیکلٹیوں کے ڈین، انتظامی شعبہ جات کے ڈائریکٹروں، مختلف شعبہ جات کے صدور چیئر پرسن، انتظامیہ کے اعلیٰ اراکین،یونیورسٹی ملازمین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے وطن کے ساتھ اپنی گہری عقیدت ومحبت کا ثبوت فراہم کیا۔ مرکزی تقریب کا آغاز قومی ترانہ اور تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ ڈاکٹر محمد مشاہد انورنے اس پُرمسرت موقع پر پرچم کشائی کا فریضہ سرانجام دیا۔ یونیورسٹی گارڈز کے ایک چاق وچوبند دستہ نے پاکستانی پرچم کو سلامی پیش کی۔ پاکستانی پرچم کے فضا میں بلند ہوتے ہی پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور فضا پاکستان زندہ باد کے پُر جوش نعروں سے گونج اُٹھی۔پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے بطور مہمان خصوصی جشن آزادی پر خصوصی پریڈ کا معائنہ کیا۔گجرات کے جی ٹی بائیکرز کی موٹر سائیکل بریگیڈ نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔ بعدازاں طلبہ نے دلکش انداز میں ملی نغمے پیش کرتے ہوئے وطن عزیز کی سلامتی و خوشحالی کا اظہار کیا اورشہدائے پاکستان کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹرمحمد مشاہد انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ قیام پاکستان اسلاف کی بیش بہا قربانیوں کی لازوال داستان ہے۔ آزادی ایک ایسی نعمت ہے جس کا ادراک صرف اور صرف اس سے بہرہ ور افراد اور اقوام ہی کر سکتی ہیں۔ ہمیں بحیثیت قوم تمام عداوتوں اور نفرتوں کو بھلا کر پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے جدوجہد کرنا ہو گی۔ پاکستان کی کامیابی و ترقی ہماری بھرپور کاوشوں کی مرہون منت ہے۔ مزید براں جشن یوم آزادی کے موقع پرپروفیسر ڈاکٹرمحمد مشاہد انور نے دیگر شرکا کی ہمراہی میں پاکستان کی 78ویں سالگرہ کا شاندار کیک کاٹا۔جشن آزادی کے سلسلہ میں قائدا عظم لائبریری کی جانب سے منعقدہ قیام و تخلیق پاکستان کے حوالہ سے کتابوں کی ایک نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہدا نور نے وطن عزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر شعبہ اُمور طلبہ کی جانب سے ایک پُر وقار آزادی سیمینار کا اہتمام بھی کیا گیا۔ تقریب کے شرکا نے اپنی مخلصانہ کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے وطن عزیز کو مستحکم و خوشحال بنانے کا عزم کیا۔





