نومبر 3, 2026

گجرات: ڈائریکٹوریٹ برائے اُمور طلبہ کی جانب سے ایک خصوصی تقریب”اعتراف ِخدمات ایوارڈ“ کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا

گجرات (پ۔ر)جامعہ گجرات کے محنتی و پُر خلوص اور پیشہ وارانہ سطح پر ممتاز ولائق ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ برائے اُمور طلبہ کی جانب سے ایک خصوصی تقریب”اعتراف ِخدمات ایوارڈ“ کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔ جامعہ گجرات میں منعقدہ تقریبات کے انعقاد میں معاون انتظامی شعبہ جات کی اعلیٰ خدمات کو سراہتے ہوئے ملازمین و کارکنان اور متعلقہ شعبہ جات کے ڈائریکٹروں کو اعتراف خدمات اسناد پیش کی گئیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور تھے۔ میزبانی ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر محمد زبیر نے کی۔ ڈائریکٹر میڈیا شیخ عبدالرشید بھی سٹیج پر موجود تھے۔مہمانان اعزاز میں مختلف انتظامی شعبہ جات کے ڈائریکٹر، ٹریژرراور سٹاف شامل تھے۔ تقریب کا بنیادی مقصد مختلف انتظامی شعبہ جات کے افسران و ملازمین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے طلبہ و اساتذہ کے لیے ان کے جذبہ ئ خدمت کا اعتراف تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے کہا کہ پُر خلوص کارکنان اداروں کی کامیابی کا باعث ہوتے ہیں۔ جامعہ گجرات کی کامیابی ٹیم ورک کی مرہون منت ہے۔ یونیورسٹی کے محنتی سٹاف کی حوصلہ افزائی میرا اوّلین فریضہ ہے۔ مختلف سطح پر بہترین انتظام و انصرام اعلیٰ نظام تعلیم کو بہتر سے بہترین بنا سکتا ہے۔ جامعہ گجرات میں جاری ہم نصابی سرگرمیوں اور مختلف تقریبات کو کامیاب بنانے میں تمام شعبہ جات کے ملازمین اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پیشہ وارانہ خدمات سے والہانہ خلوص قابل قدر جذبہ ہے۔ مثبت سوچ منصوبوں کی کامیابی کے لیے خشت اوّلین ہے۔ تمام شعبہ جات کی معاونت اور ہم آہنگی لازم امر ہے۔ ڈاکٹر محمد زبیر نے شعبہ اُمور طلبہ کی گذشتہ ایک سالہ کارکردگی کا مفصل جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ گجرات کے طلبہ ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک بھر میں یونیورسٹی کا نام روشن کر رہے ہیں۔ SSCطلبہ کو سہولیات فراہم کرنے میں پیش پیش ہے۔ اس سلسلہ میں انتظامی شعبہ جات ہر لمحہ بے مثال تعاون کی راہ پر گامزن ہیں۔ مختلف منصوبوں کو کامیاب و کامران بنانے کے لیے سالارِ کارواں ڈاکٹر محمد مشاہد انور کابھرپور تعاون اور پُر خلوص رہنمائی قدم قدم پر ہمارے ہمراہ ہے۔ تقریب میں مختلف ڈائریکٹریٹوں اورمحکمہ جات وائس چانسلر آفس،رجسٹرار آفس،ٹریژرر آفس، میڈیا و پبلی کیشنز،ITسروسز،سٹیٹ کیئر، مینٹی ننس،وڈ ورک شاپ، UOGہاسٹلز، ٹرانسپورٹ آفس، سکیورٹی، قائد اعظم لائبریری، گیسٹ ہاؤس، پرچیز و دیگر کے سربراہان اور ملازمین کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر فلسطینی عوام پر اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے غزہ کے شہدا کے لیے خصوصی دعائے مغفرت کا اہتمام بھی ہوا۔