نومبر 3, 2026

چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمراقبال کی اوسلو میں یوم آزادی تقریبات کے سلسلے میں پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات سے ملاقات

اوسلو (پ ر)پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے یونین کی طرف سے 12 اگست کو اوسلو میں یوم آزادی پاکستان کی تقریب کے انعقاد کے سلسلے میں پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات سے ملاقات کی۔ اوسلوتقریب کے موقع پر گجرات کے متحرک رفاعی ادارے ”کڈنی سنٹر گجرات“ کے لیے چیئریٹی سیشن بھی ہوگا جس میں شرکت کے لیے کڈنی سنٹر کا ایک وفد صدر کڈنی سنٹر حاجی میاں محمد اعجاز کی سربراہی میں خصوصی طور پر ناروے کا دورہ کرے گا۔ تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے چوہدری قمراقبال کی مہم جاری اسی سلسلہ میں گزشتہ روز کمیونٹی کے ایک وفد سے ملاقات ہوئی ملاقات میں آفتاب وڑائچ سر براہ حلقہ ارباب زوق،داریچہ تنظیم کے بانی محمد ادریس لاہوری اورڈاکٹر سید ندیم حسین،خواتین کی متحرک تنظیم Ressurssenter for Norsk Pakistanske Kvinner کی سربراہ مسزمینا جی کے پاکستان یونین ناورے کے سینئر ممبران میر ناصر اور نصر اللہ قریشی بھی موجود تھے۔وفد میں شامل افراد نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں اور اپنے اپنے تجربات کی روشنی میں اپنی قیمتی آراء دیں جس کو پاکستان یونین ناروے نے سراہا۔ چوہدری قمراقبال نے پاکستان یونین ناروے کے زیراہتمام یوم آزادی پاکستان کی بارہ اگست کو منعقد ہونے والی تقریب کی تفصیلات بمشول چیئریٹی سیشن برائے کڈنی سنٹر گجرات سے آگاہ کیا اور وفد سے اس سلسلے میں مفید آراء اور کارآمد تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوہدری قمر اقبال نے بتایاکہ کڈنی سنٹر گجرات کی امداد کے لیے پاکستان یونین ناروے کے پلیٹ فارم پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر چند سال قبل بھی پونے دو کروڑ روپے کے برابر رقوم اکٹھی کر کے صدر کڈنی سنٹر حاجی میاں محمد اعجاز کو دی گئی تھی۔ اس بار بھی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے نارویجن پاکستانی دل کھول کر کڈنی سنٹر سے مالی تعاون کریں گے۔

پاکستان یونین ناروے کی طرف سے سابقہ ادوار میں سہارا فاؤنڈیشن، علامہ اقبال ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور ایدھی ویلفیئر ٹرسٹ کے لیے بھی فنڈ ریزنگ کر کے دی گئی تھی۔چوہدری قمر اقبال نے بتایاکہ کڈنی سنٹر گجرات کے صدر حاجی میاں محمد اعجاز بزرگ اور درویش صفت انسان ہیں اورکڈنی سنٹر کی کامیابی کا سہرا ان کی مخلصانہ کوششوں اور ان کی ٹیم میں شامل بورڈ آف گورنر کے سر ہے۔ وہ اپنے جسمانی طور پر اب ان کی صحت اجازت نہیں دیتی مگر اس کے باوجود وہ اپنی عمر کے اس حصے میں بھی کڈنی سنٹر کو فعال رکھنے اور انسانیت کی خدمت کے لیے کوشاں ہیں۔ پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین نے بتایاکہ پاکستان یونین ناروے ایک غیرمنافع بخش تنظیم ہے اور اس کا مقصد کمیونٹی کی فلاح اور پاکستان میں رفاعی کاموں کی حوصلہ افزائی اور پاکستان اور ناروے کے مابین پل کا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کڈنی سنٹر گجرات کومالی تعاون فراہم کرنے کے لیے غیرجانبدار اور دیانتدار افراد پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے تاکہ یہ عمل شفاف رہے اور پوری ایمانداری کے ساتھ جمع ہونے والی خیراتی رقوم کڈنی سنٹر تک پہنچ سکیں تاکہ مستحق افراد کا علاج مکمل ہو سکے۔ چوہدری قمراقبال نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ہمارا آپس میں رابطہ برقرار رہے گا اور اس پروگرام کو بہتر طریقہ سے آرگنائز کرنے کی کو شش جاری رہے گی۔ تاکہ یوم آزادی پاکستان کی اس تقریب بشمول کڈنی سنٹر گجرات کے لیے مالی تعاون کے سیشن کو کامیاب بنایا جاسکے۔ انہوں نے دیگرممالک میں مقیم پاکستانیوں بالخصوص گجرات سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کڈنی سنٹر گجرات کے لیے دل کھول کر مالی تعاون کریں۔ اس سلسلے میں کڈنی سنٹر گجرات کے سربراہ حاجی میاں محمد اعجاز سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔