نومبر 6, 2026

پیپیلا کی منظم جدوجہد رنگ لے آئی ، سرگودھا یونیورسٹی نے ملحقہ کالجز میں 2 ماہ کی موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا

گجرات(پریس ریلیز) پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کی مرکزی صدر میڈم فائزہ رعنا ، پیپیلا سرگودھا ڈویژن اور گجرات ڈویژن کی قیادت کی منظم جدوجہد رنگ لے آئی اور سرگودھا یونیورسٹی نے ملحقہ کالجز میں دو ماہ کی موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔
یکم جون سے 31 جولائی 2024ء تک دو ماہ کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن کر دیا گیا۔
پیپلا کی مرکزی صدر پروفیسر میڈم فائزہ رعنا کی قیادت میں سرگودھا ڈویژن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد رمضان اور پیپلا گجرات ڈویژن کے صدر پروفیسر سید افتخار علی شاہ نے اس سلسلے میں قائدانہ کردار ادا کیا۔

موسم گرما کی روز افزوں شدت نےتعلیمی و تدریسی سرگرمیوں کو بے حد متاثر کر دیا ہے۔ گلوبل وارمنگ کی بنا پر ہر سال گرمیوں کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کی مرکزی صدر پروفیسر میڈم فائزہ رعنا کی قیادت میں پنجاب بھر کی مختلف یونیورسٹیوں سے ملحقہ کالجز میں موسم گرما کی تعطیلات کے سلسلے میں منظم مہم چلائی گئی۔ پیپلا گجرات ڈویژن کے سیکرٹری نشر و اشاعت ڈاکٹر سیدامیر کھوکھر کے مطابق اس سلسلے میں ڈویژنل قائدین نے متعلقہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو مراسلے بھیجنے کے ساتھ ساتھ براہ راست ملاقاتیں کر کے اس معاملے کی حساسیت سے آگاہ کیا۔ سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر عباس کو پیپلا گجرات ڈویژن کے صدر پروفیسر سید افتخار علی شاہ نے تفصیلی مراسلہ بھیجا جب کہ پیپلا سرگودھا ڈویژن کے صدر ڈاکٹر حافظ محمد رمضان نے ایک وفد کے ہمراہ وائس چانسلر سے بالمشافہ ملاقات کی۔ اس ضمن میں یہ باور کروایا گیا کہ سرگودھا یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجز میں بی ایس پروگرامز کے اساتذہ کرام و طلبہ کو تعطیلات نہ ہونے کی بنا پر مشکلات کا سامنا ہے۔ لوڈ شیڈنگ اور موسمی شدت سے نہ صرف تدریسی عمل متاثر ہورہا ہے بلکہ اساتذہ کرام اور طلبہ کی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ لہٰذا یونیورسٹی اپنے امتحانات اور چھٹیوں کے کیلنڈر کو ری۔شیڈول کرے۔پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کی مرکزی صدر میڈم فائزہ رعنا کی قیادت میں یہ منظم مہم کامیابی سے ہم کنار ہوئی اور وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی جناب ڈاکٹر قیصر عباس نے امتحانات کو ری۔ شیڈول کرتے ہوئے یکم جون سے 31 جولائی 2024ء تک موسم گرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ کالج کمیونٹی کی طرف سے اساتذہ کرام اور طلبہ کے حقوق کی خاطر اس کامیاب جہدوجہد پر پیپلا کی مرکزی صدر میڈم فائزہ رعنا ،سرگودھا اور گجرات ڈویژن کے صدور پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد رمضان اور پروفیسر سید افتخار علی شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قیادت کے ان اقدامات کو سراہا گیا۔اس سلسلے میں پیپلا کے قائدین نے سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر جناب ڈاکٹر قیصر عباس اور کنٹرولر امتحانات جناب ڈاکٹر محمد بشیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔