نومبر 3, 2026

انٹرنیشنل بیس بال لیگ کا اعلان کے بعد پاکستان فیڈریشن کی بڑی کامیابی , 40 غیر ملکی کھلاڑی حصہ لیں گے؛ سید فخر علی شاہ کی تائیوان روانگی سے قبل گفتگو

بھارت، نیپال، سریلنکا، ملائشیا، امریکی نژاد فلسطینی کھلاڑی سمیت 5 ملکوں کے کھلاڑیوں کی شرکت کی یقین دہانی

40 غیر ملکی کھلاڑی حصہ لیں گے۔ سیکریٹری پاکستان فیڈریشن بیس بال کی روانگی سے قبل میڈیا کووآرڈینیٹر سے گفتگو

لاہور(پرویز شیخ)چیف منسٹر پنجاب بیس بال لیگ کی شاندار کامیابی کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل بیس بال لیگ کے انعقاد کے سلسلے میں پاکستان فیڈریشن بیس بال نے بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ لیگ میں بھارت، نیپال، سریلنکا، ملائشیا، امریکی نژاد فلسطینی کھلاڑی سمیت 5 ملکوں کے کھلاڑیوں نے شرکت کے لیئے رضامندی ظاہر کردی ہے۔ سیکریٹری جنرل پاکستان فیڈریشن بیس بال، نائب صدر بیس بال فیڈریشن آف ایشیا اور ورلڈ باڈی کے ممبر سید فخر علی شاہ نے اس ضمن میں تائیوان روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا کووآرڈینیٹر پرویز احمد شیخ سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ لیگ کو امریکہ، جاپان اور کینیڈا کے آفیشلز آرگنائز کریں گے جس میں 40 غیر ملکی کھلاڑی حصہ لیں گے۔ شرکت کرنے والی ٹیمیں پاکستان کے چار بڑے شہروں کے نام سے منسوب کی جائیں گی۔ انہوں نے پاکستان کے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ پاکستان میں تیزی سے مقبول ہورہے بیس بال کھیل کے فروغ کے لیئے لیگ کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ ادارے و شائیقین, بیس بال سرکل میں شامل ہوں.

سید فخر علی شاہ نے پاکستان کی بیس بال ٹیم جو اس وقت ایشیا میں چھٹے نمبر پر ہے اور اسکی عالمی سطح پر پوزیشن کو بہتر بنانے میں اس بین الاقوامی لیگ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انکا کہنا ہے کہ "ہمارا مقصد بین الاقوامی لیگ کے ذریعے اپنی رینکنگ کو بڑھانا ہے اور حکومتی اداروں کے تعاون سے مستقبل کے ایشیائی مقابلوں میں تمغہ حاصل کرنے کی کوشش کرنا ہے۔” انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ایونٹ میں بین الاقوامی کھلاڑی، امپائرز، اور ڈبلیو بی ایس سی کے رکن ممالک کے قومی کھلاڑی، خاص طور پر مغربی ایشیا اور مشرقی ایشیا سے، لیگ کے مسابقتی معیار کو مزید بلند کریں گے۔پاکستان بیس بال فیڈریشن ملک میں بیس بال کی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور ہمارا مقصد جنوبی ایشیا، مغربی ایشیا اور مشرقی ایشیا کے کھلاڑیوں کو MLB یا دیگر پیشہ ورانہ لیگز میں منتخب ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ہم ان تمام کھلاڑیوں کے لیے ایک پلیٹ فارم بنیں گے جو اچھا کھیلتے ہیں لیکن نظر انداز کیے جاتے ہیں۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر معظم خان کلیئر نے پاکستان میں نچلی سطح پر بیس بال کی ترقی پر توجہ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا، "ہم آنے والے مقابلوں کے لیے مضبوط انڈر 12 اور انڈر 15 ٹیمیں بنانے کے لیے نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے لیے وقف ہیں۔ آج پاکستان میں بیس بال کی جو ترقی ہوئی ہے اس کا سہرا مرحوم سید خاور شاہ کو جاتا ہے۔”