منڈی بہاوالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور سے ) ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین ندیم بلوچ چھٹی کے روز بھی فیلڈ میں متحرک، اسسٹنٹ کمشنر نے روٹی اور نان کی سرکاری قیمت پر فروخت کیلئے مختلف ہوٹلز اور تندوروں کو اچانک چیک کیا اور روٹی و نان کی سرکاری قیمت پر فروخت اور وزن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومتی ہدایت کے مطابق مقررہ نرخ پر روٹی اور نان کی فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ روٹی 15 روپے، نان 20 روپے میں دستیاب ہونا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت میں کمی کے مثبت اثرات مڈل مین کی بجائے عوام کو پہنچنا چاہیے۔ درست قیمت کیساتھ روٹی اور نان کا وزن بھی پورا ہونا چاہیے۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ پرائس لسٹ نمایاں جگہوں پر لازمی آویزاں کریں۔ بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال اور سٹی ہسپتال منڈی بہاوالدین کا اچانک دورہ کیا۔ دونوں ہسپتالوں کے دورے کے دوران انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، لیبارٹری، سی سی ٹی وی سسٹم،آکسیجن کی فراہمی، نرسری ، فارمیسی ، میڈیسن سٹور سمیت صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کے نظام کا مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بچوں اور مریضوں کے والدین سے ہسپتال میں ملنے والی سہولیات اور ادویات کے متعلق بھی دریافت کیا جس پر والدین نے ہسپتال میں مہیا کی جانے والی سہولتوں سمیت ادویات کے حوالے سے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں عوام الناس کو طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اس امر کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف و دیگر عملہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں اور اپنے فرائض کو سو فیصد یقینی بنائیں تا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مہیا کی جانے والی طبی سہولیات سے آنے والے مریض زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔





