نومبر 6, 2026

ڈپٹی کمشنرشاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا

منڈی بہاوالدین،ڈپٹی کمشنرشاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبرثاقب حیات گوندل، اسسٹنٹ لیبر آفیسر رانا آصف منیرسمیت ایف آئی اے، پبلک پراسیکیوٹر،بھٹہ یونین کے صدر،جنرل سیکرٹری نے شرکت کی۔قبل ازیں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر و یلفیئر ثاقب حیات گوندل نے اجلاس کو محکمہ لیبر کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ لیبرکے افسران تسلسل کے ساتھ بھٹہ خشت کی انسپکشن کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بھٹہ جات پر عدالتی احکامات کے مطابق کم از کم اجرت کے نفاذپر عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ابتک تقریبا ایک ہزارمزدوروں کو سوشل سکیورٹی کارڈز جاری ہو چکے ہیں جبکہ باقی خاندانوں کیلئے کارڈ ز جاری کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام بھٹہ مزدوروں کو سوشل سیکورٹی کارڈز کا اجراء یقینی بنایا جائے تاکہ غریب مزدوروں کی فلاح و بہبود ہو سکے اور یہ علاج معالجہ کی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ مزدور خاندانوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے سیشنز کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے تمام متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی سے کام کریں اور لیبر لاز کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔