وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا ہے کہ صوبے میں گندم کی صورتحال پر آج اجلاس طلب کر لیا ہے، کسانوں کے مطالبات سامنے رکھ کر فیصلے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری پر آج فیصلہ ہو جائے گا، امید ہے کسانوں کواحتجاج کی ضرورت نہیں ہوگی، کسانوں کو اچھی خبر سنائیں گے۔کسانوں نے حکومت کی جانب سے کوئی فیصلہ نہ ہونے کی صورت میں منگل کو صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا کہ سونے جیسی گندم مٹی ہونے لگی ہے، سڑک پر بھی گاہک نہیں، بارشیں سر پر آگئیں ہیں جس سے تیار فصل خراب ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔کسان بچاؤ تنظیم کے رہنما سلطان جاوید نے جیو نیوز سے گفتگو میں پیر کے روز احتجاج کا انتباہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب میں کسانوں پر ظلم ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کئی روز سے یہی کہہ رہے ہیں، کسانوں کے مسائل کا حل صرف وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس ہے۔





