منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹرشاہد راٹھور) ضلع منڈی بہاوالدین میں بھی عالمی یوم الارض بھر پور طریقے سے منایا گیا، ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ضلع کونسل ہال میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات یاسر خان سمیت متعلقہ افسران اورسول سوسائٹی نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد عوام الناس میں ماحول کی بہتری کیلئے احساس پیدا کرنا ہے۔ موجودہ صنعتی دور میں ہمارا ماحول بہت زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے ہم اپنے ماحول کو بہتر بنانے کی کوشش کریں تا کہ ہماری آنے والی نسلیں صاف اور صحت مند ماحول میں زندگی گزار سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک بھی ہمارے ماحول کو تیزی سے تباہ کر رہا ہے،اسی لئے حکومت پنجاب نے 5جون 2024سے پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پلاسٹک ماحولیاتی مسائل، سیوریج سسٹم کی بندش، انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں، نباتات اور آبی حیات کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ شاپنگ کیلئے کپڑے کا بیگ استعمال کریں اور پلاسٹک کے استعمال کوترک کر دیں۔ سیمینار میں دیگر مقررین نے بھی شرکاء کو پلاسٹک کے نقصانات بارے آگاہی دی۔سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا اور شرکاء میں ماحول دوست شاپنگ بیگز تقسیم کئے گئے۔




