پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک دیانتدار اور مخلص ثالث کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا۔
ملاقات کے دوران ایرانی وزیر داخلہ نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ثالثی کی انتھک کوششوں کو سراہا جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی۔ اس کے علاوہ، ایرانی وزیرِ داخلہ نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے لیے وزیراعظم کے تہران کے دورے پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔





