برطانیہ کے نئے وزیراعظم اینڈی برنہم نے سابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر کی پالیسی کو برقرار رکھتے ہوئے امریکا کو ایران کے خلاف دفاعی کارروائیوں کے لیے برطانوی فوجی اڈے استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق ڈیاگو گارسیا اور آر اے ایف فیئرفورڈ کے فوجی اڈے امریکی طیاروں کے لیے بدستور دستیاب رہیں گے تاکہ وہ ایرانی میزائل خطرات کا مقابلہ کر سکیں اور آبنائے ہرمز سے متعلق اہداف پر کارروائیاں جاری رکھ سکیں۔
پیر کے روز منصب سنبھالنے والے اینڈی برنہم کو اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہونے والی گفتگو سے آگاہ کیا گیا جس کے بعد انہوں نے اس فیصلے سے اتفاق کیا۔ ادھر امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف دسویں روز بھی فوجی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم برطانوی حکام کی جانب سے بنیادی ڈھانچے جیسے پلوں اور بجلی گھروں کو نشانہ بنانے کی امریکی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔





