فیفا ورلڈ کپ 2026: فٹبال کا سب سے بڑا میلہ اپنے سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں ناک آؤٹ (راؤنڈ آف 32) مرحلے کے لیے 28 ٹیموں نے اپنی جگہ پکی کر لی ہے، جبکہ باقی 4 ٹیموں کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ ٹورنامنٹ کی بڑی ٹیموں بشمول پرتگال، جرمنی، برازیل، فرانس، ارجنٹینا اور اسپین نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ میزبان ممالک میکسیکو، کینیڈا اور امریکہ کے ساتھ ساتھ مراکش اور ناروے کی ٹیمیں بھی ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں، جبکہ قطر اور ترکیے کی ٹیمیں اس دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں۔
اس ورلڈ کپ میں کئی تاریخ ساز لمحات بھی دیکھنے کو ملے ہیں۔ بوسنیا ہرزیگوینا اور جنوبی افریقہ نے تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں قدم رکھا ہے۔ مزید برآں، کیپ ورڈے (Cape Verde) کی ٹیم ناک آؤٹ راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرنے والا ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے چھوٹا ملک بن گیا ہے، جسے ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا سرپرائز قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، ایران اور مصر کا میچ 1-1 سے برابر رہا، جس میں ایران کا آخری لمحات کا گول آف سائیڈ قرار دیے جانے پر سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث جاری ہے۔ اس نتیجے کے بعد مصر نے تو ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی ہے، تاہم ایران کا انتظار مزید طویل ہو گیا ہے۔ ایران اب بھی ناک آؤٹ کا مضبوط امیدوار ہے۔ آج ہونے والے میچوں میں کروشیا، کانگو، الجزائر یا آسٹریا میں سے کسی بھی ٹیم کو شکست ہوئی تو ایران کو اگلے راؤنڈ کا ٹکٹ مل جائے گا۔ اسی طرح اگر کانگو اور ازبکستان کا میچ ڈرا ہوا تو بھی ایران کوالیفائی کر جائے گا، تاہم اگر کروشیا اور کانگو اپنے میچ جیت گئے اور الجزائر اور آسٹریا کا میچ برابر رہا تو ایران کا ورلڈ کپ سفر تمام ہو جائے گا۔





