شکرگڑھ: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف گمراہ کن اور منفی پروپیگنڈا کرنے والے عناصر سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ شکرگڑھ میں میڈیا اور عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملکی مفادات کو نقصان پہنچانے والے ملک دشمن کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔
احسن اقبال نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر پاکستان کے خلاف بھارت سے بھی زیادہ زہریلا اور خطرناک پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مسترد شدہ عناصر ہماری افواجِ پاکستان اور ریاست کے خلاف گمراہ کن مہم چلا رہے ہیں، جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج پوری دنیا پاکستان کی اقتصادی اور سفارتی کامیابیوں کی معترف ہے اور ملک کو معرکۂ حق اور معرکۂ سفارت کاری میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔ وفاقی وزیر نے زور دیا کہ ایک مضبوط اور مستحکم معیشت کے لیے ملک کو انتشار، فساد اور سیاسی بے یقینی سے بچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بجٹ اور سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے بتایا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر نئے بجٹ میں برآمدات کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے خصوصی مراعات دی گئی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد جموں و کشمیر کے آنے والے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) بھرپور اور شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔





