محکمہ ریلویز نے ناگزیر وجوہات کے باعث دو روز تک معطل رہنے والی بلوچستان سے اندرونِ ملک کے لیے ٹرین سروس کو دوبارہ بحال کر دیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق 18 اور 19 مئی کو سروسز معطل کی گئی تھیں جس کے باعث کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو دو دن کے لیے منسوخ کرنا پڑا، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو بھی دو روز تک جیکب آباد اسٹیشن تک محدود رکھا گیا۔ تاہم، بدھ کے روز ٹرین سروس مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے اور اب جعفر ایکسپریس اپنے مقررہ وقت کے مطابق صبح 9 بجے کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہوگی، جبکہ پشاور سے آنے والی جعفر ایکسپریس بھی بدھ کی سہ پہر تک کوئٹہ پہنچ جائے گی جس سے مسافروں کا انتظار ختم ہو جائے گا۔





