اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت اور آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہو گئے ہیں۔ مذاکرات کی کامیابی کے بعد آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان بٹ نے میڈیا کو بتایا کہ پٹرول پمپ مالکان کے تمام تر تحفظات کو دور کر دیا گیا ہے اور اب انہیں حکومت کی فیول سبسڈی اسکیم پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایسوسی ایشن کو دراصل سبسڈی کی ادائیگی کے طریقۂ کار پر کچھ تحفظات تھے، تاہم اب مذاکرات کے دوران حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پمپ مالکان کو سبسڈی کی رقم 24 گھنٹے کے اندر اندر واپس منتقل کر دی جائے گی۔
وائس چیئرمین نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سبسڈی کی تمام تر ادائیگیاں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذریعے کی جائیں گی اور اس مقصد کے لیے درکار رقم اسٹیٹ بینک کو موصول ہو چکی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی صورت 24 گھنٹے میں رقم واپس نہ آئی تو حکومت ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر فوری طور پر مسئلہ حل کرے گی۔ دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، ملک بھر کے پٹرول پمپس کے مالکان کی سہولت کاری اور ان کی درپیش شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔





