چین کے شہر ثانیہ میں جاری ایشین بیچ گیمز میں پاکستانی پہلوانوں نے ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، جہاں شاندار کارکردگی کی بدولت ریسلنگ کے مقابلوں میں دو میڈلز یقینی ہو گئے ہیں۔ پاکستان کے نامور ریسلرز انعام بٹ اور اسد اللہ اپنی اپنی کیٹیگریز کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
80 کلوگرام کیٹیگری میں اسد اللہ نے غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں روایتی حریف بھارت اور سیمی فائنل میں میزبان ملک چین کے پہلوان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ دوسری جانب، 90 کلوگرام کیٹیگری میں اسٹار ریسلر انعام بٹ نے کوارٹر فائنل میں بحرین اور سیمی فائنل میں منگولیا کے حریف کو زیر کر کے فائنل میں جگہ بنائی۔ اب فائنل معرکے میں دونوں پاکستانی پہلوانوں کا مقابلہ ایرانی حریفوں سے ہوگا۔
علاوہ ازیں، 70 کلوگرام کیٹیگری میں محمد عبداللہ کو سیمی فائنل میں بھارتی پہلوان سے شکست ہوئی، تاہم وہ اب برانز میڈل کے لیے کرغزستان کے پہلوان کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری نے پہلوانوں کی اس شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے قوم سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔




