اپریل 29, 2026

کھاریاں میں گیس سلنڈر کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، عوام کا انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

کھاریاں ( قاری نصیر احمد کلیار) کھاریاں اور گردونواح میں گیس سلنڈر کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، مارکیٹ میں گھریلو استعمال کا گیس سلنڈر مبینہ طور پر 5000 روپے تک کی بلند ترین سطح پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکاندار سرکاری نرخنامے کو مکمل طور پر نظر انداز کر کے من مانے ریٹس وصول کر رہے ہیں، جبکہ متعلقہ انتظامی ادارے اس کھلی لوٹ مار پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عام آدمی کے لیے 5000 روپے کا سلنڈر خریدنا بس سے باہر ہو چکا ہے۔ انہوں نے تحصیل انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مارکیٹ کا دورہ کریں، قیمتوں کو کنٹرول کریں اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ غریب عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔