اپریل 29, 2026

"پشاور زلمی کی فائنل تک رسائی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے”، بابر اعظم کی پریس کانفرنس

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے پہلے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دینے کے بعد پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹیم کی کامیابی کو "مشترکہ محنت” قرار دیا ہے۔ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم نے 103 رنز کی شاندار باری کھیل کر اپنی ٹیم کو 221 رنز کے بڑے مجموعے تک پہنچایا اور فائنل میں جگہ پکی کی۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ یہ کامیابی کسی ایک فرد کی وجہ سے نہیں بلکہ پوری ٹیم کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اپنی فارم اور تنقید کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی کی زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں، میں صرف اپنی محنت پر یقین رکھتا ہوں اور وقت کے ساتھ سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ "لوگ کہتے رہے ہیں کہ میں میچز نہیں جتواتا، لیکن میں ریکارڈز پر توجہ دینے کے بجائے اپنی کرکٹ پر فوکس رکھتا ہوں۔” بابر اعظم نے کراچی کے گراؤنڈ سے اپنی وابستہ یادوں کا ذکر کرتے ہوئے تماشائیوں کے جوش و خروش کو بھی سراہا۔