اپریل 18, 2026

گجرات پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 8 ملزمان گرفتار، منشیات اور اسلحہ برآمد

کھاریاں (انصر فاروق مغل) ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کی زیر قیادت گجرات پولیس نے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھا۔ اس دوران مختلف تھانوں کی ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے منشیات، شراب اور اسلحہ برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ڈنگہ SI محمد اسلم ہنجرا کی قیادت میں کارروائی کے دوران 4 ملزمان سجاد اسلم، علی حمزہ، محمد ولایت اور محمد ذوالفقار کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے 40 لیٹر شراب، 2 عدد پسٹل 30 بور اور پسٹل 9MM برآمد ہوئے۔

اسی طرح ایس ایچ او تھانہ ککرالی SI طاہر زمان نے منشیات فروش شہریار کو گرفتار کر کے 1360 گرام چرس اور وٹک برآمد کی۔

ایس ایچ او تھانہ سول لائن SI ضیغم عباس نے ناجائز اسلحہ بردار تین ملزمان احمد رضا، محمد یونس اور عنیب کو گرفتار کر کے رائفل 12 بور اور 2 عدد پسٹل 30 بور قبضے میں لے لیے۔

گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کا کہنا ہے کہ منشیات فروش اور اسلحہ بردار معاشرے کے ناسور ہیں، جن کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام محفوظ رہ سکیں۔