امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس اہم سمندری گزرگاہ کو بند کرنے کی کوشش کی گئی تو امریکا بھرپور کارروائی کرے گا۔ انہوں نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز کے ساحلی علاقوں پر شدید بمباری جاری رکھے گا اور ایرانی کشتیوں اور جہازوں کو نشانہ بناتا رہے گا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا ایران کی فوجی صلاحیت کو کافی حد تک تباہ کر چکا ہے، تاہم ایران اب بھی ڈرون یا میزائل حملوں کے ذریعے آبنائے ہرمز یا اس کے قریبی علاقوں میں کارروائی کر سکتا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایران اس علاقے میں بارودی سرنگیں بھی بچھا سکتا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش سے متاثر ہونے والے کئی ممالک اسے کھلا رکھنے کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر اپنے جنگی بحری جہاز بھیج رہے ہیں۔ ان کے مطابق چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا، برطانیہ اور دیگر ممالک بھی اس اہم سمندری راستے کے تحفظ کے لیے کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور اس کے اتحادی کسی نہ کسی طرح جلد آبنائے ہرمز کو کھلا، محفوظ اور آزاد بنائیں گے تاکہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل متاثر نہ ہو۔




