ستمبر 10, 2026

گجرات: کنسلٹنٹ ڈاکٹروں کی انسنٹیو الاؤنس ختم، احتجاج کا اعلان

سرائے عالمگیر ( ڈاکٹر تصور حسین مرزا )

گزشتہ پانچ ماہ سے ضلع گجرات کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں کنسلٹنٹ ڈاکٹروں کی انسنٹیو الاؤنس بلاجواز طور پر ختم کر دیا گیا۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن گجرات اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن گجرات نے اس اہم اور سنجیدہ مسئلے کو متعدد بار متعلقہ حکام کے سامنے اٹھایا، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ تاحال اس کے حل کے لیے کوئی عملی اور مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔

قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ اس تمام عرصے کے دوران کنسلٹنٹ ڈاکٹرز نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔ او پی ڈی، ایمرجنسی اور سرجیکل سروسز بلا تعطل جاری رہیں اور مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

اپنے جائز مطالبات کی مسلسل عدم شنوائی کے باعث ضلع گجرات کے کنسلٹنٹس ڈاکٹرز نے احتجاج ریکارڈ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیر کے روز سے احتجاج کے پہلے مرحلے کے طور پر بائیومیٹرک حاضری کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے، تاہم تمام طبی خدمات حسبِ معمول جاری رہیں گی۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن گجرات اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن گجرات ایک بار پھر سے اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے اس مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کریں تاکہ صورتحال مزید خراب نہ ہو۔