ریاض:سعودی عرب میں 71 کلوگرام میتھایمفیٹامین کے ساتھ 6 پاکستانی شہری گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ سعودی وزارتِ داخلہ کے سکیورٹی ترجمان طلال الشلہوب کے مطابق، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول (جی ڈی این سی) نے زکوٰۃ، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی کے تعاون سے ریاض ریجن میں مقیم 6 پاکستانی باشندوں کو منشیات وصول کرتے ہوئے حراست میں لیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جی ڈی این سی کی جانب سے عمانی حکام کے ساتھ شیئر کی گئی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر اسمگلنگ کی دو کوششیں ناکام بنائی گئیں، جن کے دوران 200 کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کی گئیں۔
سکیورٹی ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب منشیات کے ذریعے ملکی سلامتی اور نوجوانوں کو نشانہ بنانے والی مجرمانہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے گا۔ ایسی کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔





