محکمہ بلدیات پنجاب نے نادرا کے اشتراک سے جدید کسٹمر ریلیشن شپ مینجمنٹ (CRM) ایپ لانچ کر دی۔ صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ای رجسٹریشن ایپ کا باضابطہ افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذیشان رفیق نے بتایا کہ نئی ایپ کے ذریعے شہری پیدائش، اموات، شادی اور طلاق کا اندراج گھر بیٹھے ہی آن لائن کر سکیں گے۔
ایپ نادرا کے ڈیٹا سسٹم کے ساتھ منسلک ہے، جس کے باعث اندراج شدہ معلومات خودبخود نادرا کے ریکارڈ میں بھی محفوظ ہو جائیں گی۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ محکمہ بلدیات پنجاب اور نادرا کے درمیان ای رجسٹریشن کا معاہدہ پہلے ہی طے پا چکا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو سہولت دینا، درست ڈیٹا اکٹھا کرنا اور سرکاری ریکارڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ نظام پنجاب بھر میں یونین کونسل کی سطح تک منسلک کیا جا رہا ہے، جس سے رجسٹریشن کے عمل میں شفافیت اور رفتار دونوں میں اضافہ ہوگا





