نئی دہلی: بھارت میں امریکی سفارتخانے نے خبردار کیا ہے کہ بچے کی پیدائش کے لیے آنے والے افراد کے سیاحتی ویزے اب منظور نہیں کیے جائیں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، امریکی حکام کا مقصد ایسے افراد کو روکنا ہے جو ٹورسٹ ویزا حاصل کر کے امریکا میں بچے کی پیدائش کروا کر انہیں امریکی شہریت دلانے کی کوشش کرتے ہیں۔
سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر بیان جاری کیا کہ اگر قونصلر افسر کو یقین ہو جائے کہ کسی کا بنیادی مقصد امریکا میں بچے کی پیدائش کروا کر شہریت دلانا ہے، تو اس کی ویزا درخواست مسترد کر دی جائے گی اور اس عمل کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
U.S. consular officers will deny tourist visa applications if they believe the primary purpose of travel is to give birth in the United States to obtain U.S. citizenship for the child. This is not permitted. pic.twitter.com/Xyq4lkK6V8
— U.S. Embassy India (@USAndIndia) December 11, 2025
اس کے علاوہ، امریکا نے سوشل میڈیا اور آن لائن موجودگی کی اضافی جانچ بھی بڑھا دی ہے، جو اب H-1B اسپیشلٹی ورک ویزا رکھنے والوں اور ان کے H-4 ڈیپنڈنٹس پر بھی لاگو ہوگی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت میں متعدد ویزا درخواست گزاروں کو اطلاع ملی کہ ان کی ویزا اپائنٹمنٹس ری شیڈول کر دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدت صدارت کے پہلے دن امریکا میں پیدائش پر شہریت کے قانون کو منسوخ کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم امریکی عدالتوں نے اس فیصلے پر عملدرآمد روک دیا تھا۔





