جون 14, 2026

سابق ڈی جی ISI فیض حمید اب بانی پی ٹی آئی کے خلاف گواہی دینے جا رہے ہیں: سینیٹر فیصل واوڈا

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف گواہی دینے جا رہے ہیں۔

فیصل واوڈا کے مطابق، 9 مئی کیسز میں بانی پی ٹی آئی قانونی شکنجے میں آتے دکھائی دے رہے ہیں، اور فیض حمید نہ صرف گواہی دیں گے بلکہ شواہد بھی فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون کا یہ شکنجہ صرف فیض حمید تک محدود نہیں رہے گا۔

سینیٹر واوڈا نے کہا کہ فیض حمید کی 14 سالہ سزا میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی، اور 9 مئی کے لیے فوجی تنصیبات کی تفصیلات فراہم کرنا بھی ان کا کام تھا۔ فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی غفلت اور نااہلی تھی، تاہم جب انہیں معاملہ معلوم ہوا تو انہوں نے فیض حمید کو ہٹانے کی کوشش کی، لیکن چونکہ جنرل باجوہ بری الذمہ ہوگئے تھے، ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے ذریعے 14 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ملزم کے خلاف چار الزامات پر کارروائی کی گئی، جن میں سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا، ریاست کی سلامتی اور مفادات کے لیے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، اختیارات اور سرکاری وسائل کا غلط استعمال، اور بعض افراد کو ناجائز نقصان پہنچانا شامل ہیں۔