جون 6, 2026

بلڈنگ برانچ میونسپل کمیٹی ڈنگہ نے کولیاں روڈ پر 38 سے زائد دکانیں سیل کر دیں

ڈنگہ (احتشام اللہ اسلم) بلڈنگ برانچ میونسپل کمیٹی ڈنگہ نے کولیاں روڈ پر 38 سے زائد دکانیں سیل کر دیں۔ پوچھنے پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈنگہ نے کہا ہے کہ ہم نے دو بار تمام دکانداروں کو باضابطہ نوٹس دیئے تھے کہ کولیاں روڈ‘ تھانہ روڈ کے جن دکانداروں کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس میونسپل کمیٹی ڈنگہ کے منظور شدہ نقشے موجود ہیں وہ نقشے لے کر بلڈنگ آفس میونسپل کمیٹی ڈنگہ آئیں۔ عملہ موقع پر آپ کے نقشے کی روشنی میں تعمیر کا جائزہ لے گا کہ کیا آپ نے نقشے کے مطابق تعمیر کی تھی یا اس میں کمی بیشی کی ہے یا نہیں۔ نیز جن دکانداروں نے سنگل سٹوری نقشہ منظور کروا کر اوپر دو منزلیں خود بنا لی ہیں یا انہوں نے تعمیر کے موقع پر نقشہ منظور ہی نہیں کروایا وہ منظور کروائیں مگر دو بار نوٹس دینے کے باوجود کسی دکاندار نے آ کر نقشہ منظور یا تصدیق ہی نہیں کروایا۔ جس پر لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2025ء کے تحت ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ڈنگہ کی ہدایت پر دکانیں سیل کی گئی ہیں۔ کیونکہ حدود میونسپل کمیٹی ڈنگہ میں کوئی گھریلو یا کمرشل عمارت بغیر منظوری نقشہ تعمیر نہیں کی جا سکتی۔ بلڈنگ انسپکٹر نے کہا ہے کہ جو دکانیں سی کی گئی ہیں وہ مالکان ہفتہ اور سوموار کو بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کر کے صورت حال معلوم کر سکتے ہیں