جون 6, 2026

گوجرانولہ: مریم نواز کی خیبر پختونخوا کی 12 سالہ کارکردگی پر تنقید، پنجاب میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہری پور میں ن لیگ کی جیت کے پیچھے خیبر پختونخوا حکومت کی نااہلی کی طویل داستان ہے جس کا انجام اب سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 سال کی پی ٹی آئی حکومت نے صوبہ خیبر پختونخوا کو کھنڈر بنا دیا، جبکہ نیا وزیراعلیٰ کے پی پوری سرکاری مشینری کے ساتھ روزانہ اڈیالا جیل کے باہر بیٹھا ہوتا ہے۔

وہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

مریم نواز نے کہا کہ میٹرو بس سروس مسلم لیگ ن کی پہچان ہے۔ لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے بعد اس سال مزید دو میٹرو بس سروسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ جب بھی پنجاب میں کسی ترقیاتی منصوبے کی تختی دیکھتی ہوں تو اس پر نواز شریف اور شہباز شریف کا نام ہوتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل ملک میں ڈیفالٹ کی باتیں عام تھیں لیکن آج حالات مکمل طور پر سنبھل چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے آبائی علاقے ڈی جی خان میں ایک بھی بڑا ترقیاتی منصوبہ نظر نہیں آیا جبکہ گجرات میں 30 ملین روپے کے سیوریج منصوبے پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ

پنجاب میں 2600 ماڈل ویلجز بنائے جا رہے ہیں،

لاہور میں 16 ہزار گلیوں کی تعمیر سال کے آخر تک مکمل کردی جائے گی،

صوبے بھر میں 20 ہزار کلو میٹر سڑکیں 12 ماہ میں تعمیر ہوئیں،

اور دو سال میں 30 ہزار کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر مکمل ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے مزید بتایا:

15 لاکھ سے زائد افراد کو راشن کارڈ دیے جا رہے ہیں،

اگلے سال یہ تعداد 30 لاکھ ہوجائے گی،

80 ہزار اسکالرشپس،

ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے،

اور پنجاب کے تمام سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اس سال مکمل ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں داخلہ ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں اور بچوں کو روبورٹکس اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس بھی پڑھائی جا رہی ہے۔

صحت کے شعبے میں مریم نواز نے بتایا کہ لاہور میں سب سے بڑا کینسر اسپتال بنایا جا رہا ہے، جبکہ کلینکس آن وہیلز اور فیلڈ اسپتال درمان دہلیز پر علاج کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ لاہور رنگ روڈ کے قریب پانچ ہزار ایکڑ زمین پر نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ بن رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں 80 فیصد کمی آئی ہے اور پورا صوبہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ پر منتقل ہو چکا ہے۔ منشیات کے خاتمے کے لئے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہیں۔

آخر میں ان کا کہنا تھا کہ:
“کھربوں روپے کے منصوبے ایک سال میں مکمل ہوئے، کوئی ایک روپے کی کرپشن ثابت کردے۔ ہم سفارش نہیں سنتے، میرٹ پر کام کرتے ہیں۔ بہت جلد پنجاب اسلحے سے پاک ہوگا۔”