اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ غزہ میں بچ جانے والے فلسطینی اپنے پیاروں کی موت کا سوگ منا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں، جس میں شہریوں کا قتل عام، بار بار بے گھری، اور انسانی امداد میں رکاوٹ ڈالنا ناقابلِ قبول ہے۔
انتونیو گوتریس نے زور دیا کہ غزہ میں تمام فریق حالیہ جنگ بندی کی مکمل پابندی کریں اور انسانی امداد کے بڑے پیمانے پر داخلے کی اجازت دی جائے تاکہ شہریوں کی زندگیوں کو بچایا جا سکے۔
انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ فلسطینی سرزمین پر غیر قانونی قبضے کا خاتمہ کیا جائے اور 2 ریاستی حل کی جانب ناقابلِ واپسی پیشرفت کی جائے تاکہ دیرپا امن ممکن ہو سکے۔





