اکتوبر 30, 2026

آئی ایم ایف چارج شیٹ میں 5300 ارب روپے کی کرپشن کا حساب لیں گے: : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وفاق سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی چارج شیٹ میں شامل 5300 ارب روپے کی کرپشن کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی تقریب سے خطاب میں کہی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ انہوں نے اسٹوڈنٹ فیڈریشن سے سیاسی سفر کا آغاز کیا اور آج وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے عوامی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض لوگ پی ٹی آئی پر احتجاجی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہیں، لیکن اگر انصاف بروقت ملتا تو پارٹی احتجاجی سیاست پر مجبور نہ ہوتی۔ 9 مئی کے بعد جن لوگوں نے پریس کانفرنس کی، وہ بری ہو گئے، جبکہ جو بانی کے ساتھ کھڑے تھے انہیں سزا دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ نظام پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے، تمام آئینی اور قانونی راستے استعمال کر چکے ہیں مگر بانی سے ملاقات ممکن نہ ہوئی۔ اب ہمارے پاس احتجاج کے سوا کوئی آئینی راستہ نہیں بچا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق ہمارا حق دینے میں ناکام رہا ہے اور ساتھ ہی آئی ایم ایف نے 5300 ارب روپے کی کرپشن کا انکشاف کیا ہے، جس کا حساب لینا لازم ہے۔ قبائلی اضلاع کے انضمام کے بعد صوبے کو این ایف سی میں اپنا حصہ نہیں دیا جا رہا، جبکہ نیٹ ہائیڈل پرافٹ کی مد میں 2200 ارب روپے کے بقایاجات وفاق کے ذمہ ہیں۔