متحدہ عرب امارات کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے اس تاثر کو یکسر مسترد کر دیا ہے کہ یو اے ای پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری نہیں کر رہا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال میں ویزوں کے اجرا کے لیے اتنا زیادہ رش نہیں دیکھا گیا جتنا ان دنوں یو اے ای کراچی قونصلیٹ کو درپیش ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستانی شہری بڑی تعداد میں ویزوں کے لیے درخواستیں دے رہے ہیں۔
قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ہر قسم کے ویزوں کے حوالے سے قونصلیٹ کے ویزا سیکشن میں غیر معمولی رش موجود ہے اور ویزا بندش سے متعلق اطلاعات مکمل طور پر غلط ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کچھ مخصوص کیٹیگریز کے ویزوں کے لیے پیشگی اپائنٹمنٹ لینا لازمی ہوتا ہے، اور زیادہ دباؤ کے باعث یہ تاریخیں ایک ماہ سے بھی آگے جا رہی ہیں، مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ ویزے بند کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سلمان چوہدری نے سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کو بتایا تھا کہ یو اے ای پاکستانیوں کو ویزے جاری نہیں کر رہا، تاہم قونصل جنرل نے ایسے تمام دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ ویزوں کا اجرا جاری ہے اور قونصلیٹ معمول کے مطابق کام کر رہی ہے۔





