گلگت بلتستان اسمبلی اپنی 5 سالہ آئینی مدت مکمل کرنے کے بعد آج رات 12 بجے تحلیل ہوجائے گی۔ سیکرٹری گلگت بلتستان اسمبلی کے مطابق 42 ویں اجلاس کا تیسرا اور اختتامی سیشن آج دوپہر 2 بجے منعقد ہوگا، جس کے فوراً بعد اسمبلی تحلیل ہونے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
موجودہ جی بی اسمبلی 15 نومبر 2020 کے عام انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آئی تھی، اور اب اگلے عام انتخابات وفاقی الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت کرائے جائیں گے۔ اسمبلی تحلیل ہونے کے ساتھ ہی نگران سیٹ اپ کے اعلان کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق آج ہی گلگت بلتستان کے نگران وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان ہونے کا امکان ہے، اور یہ اعلان وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کیا جائے گا۔ نئے سیٹ اپ کے بعد آئندہ انتخابات کے لیے ماحول باقاعدہ طور پر تشکیل پانا شروع ہو جائے گا۔





