کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کی عدالت نے 51 سالہ بھارتی شہری جگجیت سنگھ کو دو کم عمر لڑکیوں کو ہراساں کرنے کے الزام میں مجرم قرار دیتے ہوئے کینیڈا سے ڈی پورٹ کرنے اور دوبارہ داخلے پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جگجیت سنگھ 6 ماہ کے ویزے پر جولائی میں اپنے نومولود پوتے سے ملنے کینیڈا گیا تھا۔ کینیڈین پولیس کے مطابق وہ مقامی ہائی اسکول کے باہر اسموکنگ ایریا میں باقاعدگی سے آ کر لڑکیوں کے قریب جاتا، ان سے غیر مناسب گفتگو کرتا اور تصاویر لینے کی کوشش کرتا رہا۔ 8 ستمبر سے 11 ستمبر کے دوران اس نے متعدد بار طالبات کا پیچھا کیا اور ان سے ہراساں کیا۔ ایک کینیڈین طالبہ نے پولیس کو بتایا کہ جگجیت سنگھ نے تصویر لینے کے دوران اس کے کندھے پر ہاتھ رکھ دیا جس سے وہ خوفزدہ ہو گئی۔ جگجیت سنگھ 16 ستمبر کو گرفتار ہوا اور جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے گئے۔ ضمانت پر رہائی کے بعد ایک اور شکایت پر دوبارہ گرفتار کیا گیا، جس میں اس نے اسکول کی طالبات کو ہراساں کرنے کا اعتراف کیا۔ عدالت نے کہا کہ اس کا اسکول کے حدود میں داخل ہونا ناقابل قبول ہے اور فوری ڈی پورٹ کے حکم کے ساتھ آئندہ کینیڈا میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی۔





