اسلام آباد: پاکستان نے غزہ کے لیے مزید 100 ٹن امدادی سامان کی 18 ویں کھیپ روانہ کر دی ہے، جس میں خشک راشن، تیار کھانے اور ادویات شامل ہیں۔ یہ امداد وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی نگرانی میں بھیجی گئی ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ حکومت پاکستان غزہ کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے موقف پر مستحکم ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطینی ریاست کا دارالحکومت القدس الشریف ہونا چاہیے۔اسلام آباد میں امدادی سامان روانہ کرنے کی تقریب میں وزارت خارجہ، این ڈی ایم اے کے اعلیٰ حکام اور فلسطینی سفیر بھی شریک ہوئے۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ امدادی سامان کا جہاز اردن کے دارالحکومت میں لینڈ کرے گا جہاں سے اسے غزہ تک پہنچایا جائے گا۔وفاقی وزیر نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مختلف فلاحی تنظیمیں، بشمول الخدمت فاؤنڈیشن، بھی غزہ کے مسلمانوں کی مدد کر رہی ہیں اور پاکستان فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ امداد کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا تاکہ غزہ کے مظلوم عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔





