ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی ہدایات پر سرکلر روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن گجرات خالق داد گاڑا کی نگرانی میں میونسپل کمیٹی کی ٹیم نے کارروائی کی اور سرکلر روڈ کے مختلف حصوں کو تجاوزات سے پاک کیا۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی تعمیرات، سڑک کے کنارے لگائے گئے ریڑھی بانوں، اضافی شیڈز، اور دکانوں کے باہر بنائی گئی تجاوزات کو ختم کیا گیا۔ تجاوزات ہٹانے کے ساتھ ساتھ سرکلر روڈ پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے جگہ خالی کروائی گئی۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن گجرات خالق داد گاڑا نے کہا کہ تجاوزات نہ صرف شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرتی ہیں بلکہ ٹریفک کی روانی میں بھی خلل ڈالتی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے ساتھ تعاون کریں اور سرکاری احکامات پر عمل کریں۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات کے مطابق، تجاوزات کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ گجرات شہر کو تجاوزات سے پاک اور شہریوں کے لیے سہل بنایا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہیں۔





