جون 1, 2026

متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کی مبینہ بے دخلی کی خبروں کی تردید کر دی، حکومتی حلقوں کا قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا موقف

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی شہریوں کی مبینہ بے دخلی سے متعلق بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے بعد اماراتی حلقوں نے ان خبروں کی پرزور تردید کی ہے۔ حکومتی حلقوں سے قریبی تعلق رکھنے والے سوشل میڈیا مبصرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امارات میں کوئی بھی قانونی یا سکیورٹی کارروائی کسی رنگ، نسل، مسلک یا مذہب کی بنیاد پر نہیں بلکہ ملکی قوانین اور ضوابط کے مطابق کی جاتی ہے۔

تجزیہ کاروں نے رپورٹ میں دیے گئے فرقہ وارانہ پہلو کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے سکیورٹی قوانین سب کے لیے یکساں ہیں اور کسی بھی غیر ملکی شہری کے خلاف کارروائی صرف ویزا شرائط کی خلاف ورزی یا سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ہی عمل میں لائی جاتی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کی وزارت داخلہ بھی پہلے ہی وضاحت کر چکی ہے کہ اگر کسی پاکستانی شہری کو مشکلات کا سامنا ہے تو اس کا تعلق محض اماراتی قوانین اور سکیورٹی معاملات سے ہو سکتا ہے، نہ کہ کسی امتیازی سلوک سے۔