جون 1, 2026

اسلام آباد میں کاروباری اوقات کے نئے اوقات کار نافذ، مارکیٹس اور مالز رات 8 بجے بند ہوں گے

وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے توانائی کی بچت اور نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے کاروباری مراکز کے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ نئی پابندیاں یکم جون 2026 سے نافذ العمل ہوں گی جس کے تحت اسلام آباد میں مارکیٹس اور شاپنگ مالز اب رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے، تاہم اس پابندی سے اسپتال، فارمیسیاں اور میڈیکل اسٹورز مستثنیٰ ہوں گے جو بدستور کھلے رہ سکیں گے۔

اس کے علاوہ دیگر ضروری شعبوں کے اوقات کار کا تعین بھی کر دیا گیا ہے جس کے مطابق ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس، کریانہ، سبزی، پھل، تندور اور بیکری شاپس رات 10 بجے بند ہوں گی، جبکہ شادی ہالز اور مارکیز کو بھی رات 10 بجے تک بند کرنا لازمی ہوگا۔ انتظامیہ نے پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا ہے جو معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، اور تمام تاجر برادری سے ان ہدایات پر مکمل عمل درآمد کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔