گجرات: (پریس ریلیز) نیک آباد مراڑیاں شریف گجرات سے عظیم الشان جلوس میلاد النبیﷺ نکالا گیا۔ قیادت مفتی اسلام پیر عثمان افضل قادری، پیر صدیق افضل قادری، پیر حسنین افضل قادری ودیگر علمائے کرام ومشائخ عظام نے کی۔ جبکہ ہزاروں غلامان رسول نے انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ شرکت کی۔ جلوس پر جگہ جگہ گل پاشی کی گئی اور شاندار استقبال کئے گئے۔ جلوس نیک آباد شریف سے شروع ہوکر شاہین چوک، سرگودھا روڈ سے گزرتے ہوئے محمدی بیکرز پر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر، نعرہ رسالت یارسول اللہ، آمد مصطفی مرحبا مرحبا، لبیک یارسول اللہﷺ، تاجدار ختم نبوت زندہ آباد کے نعروں سے گونجتی رہی۔ جلوس میں مفسر قرآن پیشوائے اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری رحمۃ اللہ علیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ جلوس میں ڈی سی صاحب گجرات اور ڈی پی او صاحب گجرات ودیگر انتظامیہ گجرات نے بھی شرکت کی۔ جلوس میلاد النبیﷺ میں شمع رسالت کے ہزاروں پروانوں سے خطاب کرتے ہوئے پیر عثمان افضل قادری نے کہا کہ امت مسلمہ کو یوم میلاد النبیﷺ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج اس عظیم ہستی کا یوم میلاد ہے جسے اللہ تعالی نے تمام نبیوں رسولوں کا تاجدار بنایا۔ جو فخر آدم وبنی آدم ہیں۔ جنہیں تمام جہانوں کیلئے رحمت بنایا گیا۔ جو سارے انسانوں بلکہ تمام مخلوقات کیلئے رحمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ بالخصوص اسلامی ممالک کے حکمران رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات پر عمل یقینی بنائیں۔ اسلام دین کامل ہے جس میں انسانیت کے تمام مسائل کا حل موجود ہے۔ جبکہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل بھی نظام مصطفیﷺ میں ہے۔ آخر میں وطن عزیز پاکستان، حاضرین اور ساری امت مسلمہ کیلئے دعائے خیر کروائی گئی۔





